ڈھاکہ۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں ایک سینئر اسلامی رہنما کو آئندہ ہفتہ کے اوائل میں پھانسی دی جائے گی جبکہ سپریم کورٹ نے جنگی جرائم کیلئے سنائی گئی سزائے موت کو برقرار رکھا ہے۔ وزیر قانون انیس الحق نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے محمد قمر الزماں دوسرے سینئر رہنما ہوں گے جنہیں 1970ء کی جنگ آزادی کے دوران جرائم کے ارتکاب پر پھانسی دی جارہی ہے۔ اس جنگ کے نتیجہ میں سابق مشرقی پاکستان کی تقسیم عمل میں آئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ محمد قمر الزماں کو آئندہ ہفتہ کے اوائل میں پھانسی دی جائے گی بشرطیکہ صدر سے رحم کی درخواست نہ کریں۔ بنگلہ دیش کی سب سے بڑی جماعت اسلامی کے 62 سالہ اسسٹنٹ سیکریٹری کو صدر رحم کی درخواست کیلئے 7 دن کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مدت پوری ہونے پر اگر وہ رحم کی درخواست نہ کریں تو سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق سزائے موت پر عمل کیا جائے گا۔