بنگلہ دیش میں جاپانی کسان کے قاتل جہادیوں کو سزائے موت

جماعت المجاہدین کے پانچ عسکریت پسندوں کے خلاف رنگپور عدالت کا فیصلہ
ڈھاکہ ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں ممنوعہ تنظیم جے ایم بی کے پانچ اسلامی عسکریت پسندوں کو 2015ء کے دوران اس ملک میں ایک جاپان کسان کے بہیمانہ قتل پر آج سزائے موت دی گئی۔ بیرونی، اقلیتی ہندو اور سیکولر مسلم افراد کو نشانہ بناتے ہوئے کئے جانے والے اپنی نوعیت کے اولین حملوں میں یہ واقعہ شامل تھا۔ انگپور میں خصوصی عدالت کے  جج نریش چندرا سرکار نے آج اپنا فیصلہ صادر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ’’انہیں پھانسی پر لٹکاتے ہوئے موت کے گھاٹ اتار دیا جائے‘‘۔ پانچ کے منجملہ چار ملزمین کو فیصلہ کے اعلان کے وقت انتہائی سخت سیکوریٹی ڈھال میں کمرہ عدالت میں لایا گیا تھا۔ فیصلہ میں اس تاثر کا اظہار کیا گیا کہ جماعت المجاہدین بنگلہ دیش (جے ایم بی) کے کارندوں نے محض بنگلہ دیش کو غیرمستحکم اور بدنام کرنے کیلئے 66 سالہ جاپانی شہری کا منظم و منصوبہ بند انداز میں قتل کیا تھا۔ بنگلہ دیش کے شمال مغربی ٹاؤن رنگپور میں کونیو ہوشی نے ایک فارم ہاؤز قائم کیا تھا اور عسکریت پسندوں نے اس جاپانی کسان کو نشانہ بنایا تھا۔ ہوشی کے قتل سے پانچ دن قبل اٹلی کے ایک امدادی کارکن کو موٹر سیکل سوار عسکریت پسندوں نے ڈھاکہ میں گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ اسلامک اسٹیٹ (داعش) نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی لیکن حکومت بنگلہ دیش نے یہ کہتے ہوئے اس دعویٰ کو مسترد کردیا تھا کہ اس ملک میں داعش کا وجود نہیں ہے تاہم  جے ایم بی اس بیرونی جہادی گروپ کے نظریات سے کافی مرعوب اور متاثر ہے۔