ڈھاکہ ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں آئی ایس آئی ایس کے خنجروں سے لیس عسکریت پسندوں نے ایک ہندو پجاری اور ایک بودھ رہنما کو بہیمانہ طور پر موت کے گھاٹ اُتار دیا جبکہ ایک اور ہندو شخص قاتلانہ حملہ میں بچ گیا۔ یہ اس مسلم اکثریتی قوم میں اقلیتوں پر سلسلہ وار حملوں میں تازہ کارروائی ہے۔ 50 سالہ پجاری کو تین نامعلوم افراد نے موت کے گھاٹ اُتارا۔ اس طرح اب تک تین ہندو پجاریوں کا قتل ہوچکا ہے جس نے ہر ایک کو یہ سوچنے پر مجبور کردیا ہیکہ مسلم اکثریتی ملک بنگلہ دیش اب غیرمسلموں کیلئے محفوظ نہیں رہا۔ جھینائدہ ڈسٹرکٹ میں پجاری شیامانندو داس پر صبح تقریباً 6.30 بجے حملہ کیا گیا۔ حملہ آور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ شدید زخمی حالت میں پجاری کو جھینائدہ صدر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرس نے اسے مردہ قرار دیا۔ پجاری پر حملہ کل شب بندربن میں 55 سالہ بودھ شخص مونگ شوے لونگ مارما کے قتل کے چند گھنٹوں میں پیش آیا ہے۔ بودھ راہب کو بھی خنجروں سے نشانہ بنایا گیا تھا۔ اور اس نے برسرموقع دم توڑا تھا۔