ڈھاکہ۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی شہری جس کا تعلق ممنوعہ علیحدگی پسند تنظیم الفا سے بتایا گیا ہے اور اس کے بنگلہ دیشی ساتھی کو عدالت نے دہشت گردی میں ملوث پانے پر سزائے عمر قید سنائی۔ کشور گنج میں واقع عدالت نے الفا لیڈر رنجن چودھری عرف میجر رنجن اور اس کے بنگلہ دیشی ساتھی پردیپ مرک کو سزائے عمر قید سنائی جنہیں جولائی 2012ء میں لکشمی پور علاقہ سے ہتھیاروں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔
پرنس ہیری کا مجوزہ دورۂ نیوزی لینڈ
آکلینڈ۔ 8 اپریل (سید مجیب کی رپورٹ) برطانیہ کے تخت و تاج کے وارثوں میں چوتھے مقام کے حامل شہزادہ ہیری جو فی الحال آسٹریلیا کے دورہ پر ہیں، عنقریب نیوزی لینڈ کا دورہ کریں گے۔ وہ آسٹریلیا میں ایک ماہ طویل دفاعی کورس میں شرکت کررہے ہیں اور کورس کی تکمیل پر توقع ہے کہ نیوزی لینڈ کا دورہ کریں گے۔ ان کے دورۂ وینلنٹنگ اور دیگر شہروں کے دورہ میں ان کے ہمراہ صحافیوں کی ٹیم میں روزنامہ ’’سیاست‘‘ حیدرآباد کے نمائندہ برائے نیوزی لینڈ سید مجیب کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ قبل ازیں برطانیہ کے شہزادہ ولیم، شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ کیمیلا بھی نیوزی لینڈ کا دورہ کرچکے ہیں۔