ڈھاکہ۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں بنیاد پرست جماعت اسلامی نے اپنے سربراہ کو آسام کے علیحدگی پسند لیڈر پریش بروا کے ساتھ اسلحہ کی اسمگلنگ کے ایک مقدمہ میں سزائے موت دیئے جانے کے خلاف پیر کو ملک گیر عام ہڑتال منانے کا اعلان کیا ہے۔ جماعت اسلامی نے اپنے بیان میں کہا ’’جماعت اسلامی کے امیر مطیع الرحمن نظامی کی ہلاکت کیلئے حکومت ایک منظم سازش کررہی ہے اور اس منصوبہ کو عملی شکل دینے کیلئے غلط اور بے بنیاد الزامات کے ساتھ ایک مقدمہ چلایا گیا‘‘۔ جنوب مشرقی بندرگاہ کے شہر چٹاگانگ میں ایک خصوصی ٹریبیونل نے مطیع الرحمن نظامی کو جمعرات کے روز سزائے موت دی۔ وہ ماضی میں بی این پی کے زیرقیادت مخلوط حکومت میں وزیر صنعت تھے۔
بنگلہ دیش میں 2004ء کے دوران بے نقاب ہونے والے اسلحہ کے سب سے بڑے ریاکٹ سے متعلق مقدمہ میں آسام کے اُلفا لیڈر پریش بروا اور 12 دوسروں کو بھی سزا دی گئی ہے جو اس واقعہ میں ملوث تھے۔ ہڑتال کے لئے جماعت اسلامی کے اعلان کے بعد اس ملک میں تازہ سیاسی تشدد پھوٹ پڑنے کے اندیشوں میں اضافہ ہوگیا ہے جہاں کچھ عرصہ قبل بی این پی، جماعت اسلامی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد نے سلسلہ وار ہڑتال کا آغاز کیا تھا ۔ اس دوران بڑے پیمانے پر تشدد پھوٹ پڑا تھا، تاہم 2 جنوری کے عام انتخابات کے تشدد میں کمی ہوئی۔ بی این پی اور جماعت نے ان انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا۔ جماعت اسلامی کے امیر مطیع الرحمن کے علاوہ خالدہ ضیاء کی بی این پی کے ایک سابق وزیر لطف الزماں اور دو فوجی جنرلوں کو بھی سزائے موت دی گئی ہے جو ماضی میں انٹلیجنس اداروں کے سربراہان تھے۔
اصل اپوزیشن پارٹی بی این پی نے ٹریبیونل کے فیصلہ کو اس (بی این پی) کو تباہ و برباد کرنے کیلئے کی جانے والی ایک گہری سازش قرار دیا اور کہا کہ بی این پی کی زیرقیادت دور حکومت میں ان تمام افراد کے خلاف مقدمہ چلایا گیا تھا جس کے پاس سے اسلحہ برآمد ہوئے تھے۔ بی این پی کے ایک لیڈر روح الکبیر رضوی نے کہا کہ ’’ہماری پارٹی کا مکمل صفایا کرنے کیلئے کی گئی یہ ایک گہری سازش ہے‘‘۔ بروا جو ایک مفرور ملزم ہے، اس کو غیاب میں سزائے موت دی گئی ہے۔ بروا اب ممنوعہ یونائٹیڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (اُلفا) کے ایک گروپ کی قیادت کررہا ہے جو حکومت ہند سے امن بات چیت کی مخالفت کررہا ہے۔ بنگلہ دیش کے علاقہ چٹاگانگ میں الفا کے دیرینہ خفیہ ٹھکانے اور تجارتی مفادات ہیں۔ واضح رہے کہ 2 اپریل 2004ء کی اولین ساعتوں کے دوران اس علاقہ میں 10 ٹرکوں سے 1,500 ڈبے ضبط کئے گئے تھے جن سے سب مشین گنس، AK-47 رائفلز، سب مشین کاربائینس، چینی پستول، 840 راکٹ، لاؤنچرس، 27,000 بم اور 11.41 ملین بلٹس برآمد ہوئے تھے۔