ڈھاکہ ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک اطالوی امدادی ورکر یہاں کے سفارتی طور پر ایک انتہائی سیکوریٹی والے علاقہ میں قتل کردیا گیا اور اس طرح بنگلہ دیش میں ہوئی اس ہلاکت کی پہلی بار دولت اسلامیہ جہادیوں نے ذمہ داری قبول کی۔ دریں اثناء پولیس نے بتایا کہ 50 سالہ سیزارے ٹاویلا پر انتہائی قریب سے تین گولیاں چلائی گئیں۔ جس علاقہ میں گولیاں چلائی گئیں وہ مارکٹ گلشن کا علاقہ تھا جو سفارتی طور پر انتہائی سیکوریٹی والا علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔ حملہ میں ٹاویلا فوری طور پر زمین پر گر پڑے اور حملہ آور وہاں سے فرار ہوگئے۔ انہیں فوری قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرس نے انہیں مردہ قرار دیا۔ ٹاویلا نیدرلینڈ کی ملکیت والی آئی سی سی او کارپوریشن میں بحیثیت منیجر برسرکار تھے۔ ڈھاکہ پولیس کمشنر وحیدالزماں میاں نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال یقینی طور پر کچھ کہا نہیں جاسکتا کہ مسٹر ٹاویلا کا قتل کس نے کیا۔ تاہم قتل ضرور منصوبہ بند لگتا ہے۔ اس معاملہ کی مزید تحقیقات جاری ہے۔