بنگلہ دیش: شادی کی عمر 16 سال کردینے کی تجویز

ڈھاکہ ، 16ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کی کابینہ نے شادی کی عمر میں کمی کرنے کی تجویز کے ساتھ کم عمری کی شادی پر سخت اقدامات کی بات کی ہے۔یہ تجاویز گزشتہ روز بنگلہ دیش کی پارلیمان میں ایک بل کی شکل میں پیش کی گئیں۔مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ تجاویز پارلیمان میں منظور کرلی جائے گی۔اس میں کہا گیا ہے کہ مردوں کی شادی کی عمر 21 سال سے کم کر کے 18 سال کردی جائے جبکہ لڑکیوں کی عمر 18 سے کم کر کے 16 سال کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کی سزاؤں میں اضافے کی بات بھی کہی گئی ہے یعنی دو ماہ کی قید کو بڑھا کر دو سال کر دیئے جانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ جرمانے میں پانچ گنا اضافے کی بات کہی گئی ہے۔ ابھی یہ جرمانہ پانچ ہزار ٹکا یعنی تقریباً 130 امریکی ڈالر ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں کم عمری کی شادیاں عام ہیں جسے روکنے کیلئے یہ اقدامات کئے گئے ہیں۔ان تجاویز کے بارے میں سیکریٹری کابینہ محمد مشرف حسین بہویانی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ’’جو کم عمری میں شادی کرتے ہیں یا کراتے ہیں وہ اور ان کے والدین سزا کے مستوجب ہوں گے‘‘۔تاہم انہوں نے کہا کہ خواتین کو جیل کی سزا نہیں دی جائے گی۔ بنگلہ دیش میں کم عمری کی شادی کی شرح مبینہ طور پر دنیا میں سب سے زیادہ ہے جہاں 20 فیصد لڑکیوں کی شادی 15 سال سے کم عمر میں ہو جاتی ہے۔