ڈھاکہ ۔ یکم ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ بنگلہ دیشی پارلیمانی انتخابات کا جائزہ لینے کیلئے اپنے مبصرین روانہ کرے گا۔ ڈھاکہ میں امریکی سفارت خانے کے مطابق کل بارہ امریکی ٹیموں کو اس سلسلے میں ہزاروں مقامی مبصرین کا تعاون بھی حاصل رہے گا۔ موجودہ بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد مسلسل تیسری مرتبہ الیکشن جیت کر منصب وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کی توقع رکھتی ہیں۔ اُن کی حریف سیاستدان خالدہ ضیا اس وقت بدعنوانی کے الزامات کے تحت سزائے قید بھگت رہی ہیں۔ خالدہ ضیا کی سیاسی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی اپنے لیڈر کی قید کو سیاسی انتقام کا شاخسانہ قرار دیتی ہے۔ 2014 ء کے پارلیمانی انتخابات کا خالدہ ضیا کی سیاسی جماعت نے بائیکاٹ کر دیا تھا۔ بنگلہ دیش میں جاریہ سال 30 ڈسمبر کو پارلیمانی انتخابات ہوں گے ۔