بنگلہ دیشی غیرقانونی دراندازوں کو سزائے موت کا وی ایچ پی کا مطالبہ

اگرتلہ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وی ایچ پی نے آج مطالبہ کیا کہ غیرملکی شہری قانون میں ترمیم کی جائے تاکہ بنگلہ دیش سے غیرقانونی دراندازی کرنے والوں کو سزائے موت دی جائے اور انہیں بنگلہ دیش کے حوالے کردیا جائے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر وی ایچ پی پروین توگاڈیہ نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایک قرارداد منظور کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو تعین مدت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے بنگلہ دیشی غیرقانونی تارکین وطن کو ان کے وطن واپس بھیج دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی اقلیتیں اور پاکستانی اقلیتیں ہندوستان میں داخل ہورہی ہیں۔ انہیں پناہ گزین قرار دیتے ہوئے فوری شہریت عطا کرنا چاہئے۔

ہاردک پٹیل کی
درخواست کی سماعت ملتوی
احمدآباد ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سورت اور احمدآباد کی سیشن کی عدالتوں نے آج کوٹہ احتجاج کے قائد ہاردک پٹیل کی درخواست ضمانت کی سماعت علی الترتیب یکم اور 2 فبروری تک ملتوی کردی۔ جواب دہی کیلئے پولیس نے مزید 10 دن کی مہلت طلب کی ہے۔ 22 جنوری کو ہاردک پٹیل کو عوام کو اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔