ڈھاکہ ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دس بنگلہ دیشی مجرمین جنہیں سزائے موت سنائی گئی ہے، انہیں اپنی سزاء دہی اور جنگی جرائم کی پاداش میں دی گئی سزا کے خلاف قطعی اپیل کا حق حاصل ہوگیا ہے، اس ملک کے اعلیٰ قانونی عہدیدار نے آج یہ بات کہی۔ سپریم کورٹ نے رولنگ دی کہ سات اسلام پسند اور تین دیگر مجرمین اپنی سزاؤں پر نظرثانی کی استدعا کے اہل ہیں، جو انہیں پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش کی 1971ء کی جنگ آزادی کی تحقیقات کرنے والے متنازعہ ٹریبونل نے سنائی ہے۔ پراسیکیوٹرس نے دلیل پیش کی تھی کہ یہ مجرمین اضافی اپیل کیلئے اہل نہیں ہیں کیونکہ انہیں اس ملک کے خصوصی جنگی جرائم قوانین کے تحت مجرم پایا گیا ہے۔ اٹارنی جنرل محب عالم نے آج عدالت کی رولنگ کے تعلق سے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ان مجرمین کو سنائی گئی سزاء پر اپیل کی اجازت دی جائے گی۔ ایک مجرم جو اس ملک کی سب سے بڑی اسلام پسند پارٹی کی سینئر شخصیت تھے، گذشتہ سال کے اواخر سزائے موت دے دی گئی جبکہ انہیں جنگ کے دوران قتل عام اور عصمت ریزی کے الزامات پر مجرم پایا گیا تھا۔