ڈھاکہ، 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے ایک ٹریبیونل نے آج امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش کیخلاف جنگی جرائم کے مقدمہ کا فیصلہ ملتوی کردیا۔ عہدیداروں نے کہا کہ وہ بیمار ہیں، اس لئے انہیں جیل منتقل نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے عدالت نے فیصلہ ملتوی کردیا۔ 69 سالہ مطیع الرحمن نظامی پر 16 جنگی جرائم بشمول قتل ، عصمت ریزی ، لوٹ مار اور بنگالی دانشوروں کے قتل عام میں مدد کے الزامات ہیں۔ انہوں نے بنگلہ دیش کی جنگ آزادی کے دوران پاکستانی فوج کو ان جرائم کے ارتکاب میں مدد دی تھی چنانچہ انہیں سزائے موت کا سامنا ہے۔ خصوصی عدالت آج مقدمہ کا فیصلہ سنانے والی تھی، لیکن ان کی علالت کی بناء پر اسے ملتوی کردیا۔