اتوار کو کابینہ کی تشکیل،بیشتر موجودہ وزراء کی عدم شمولیت
ڈھاکہ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے نومنتخب ارکان پارلیمنٹ کی حلف برداری تقریب آج منعقد کی گئی۔ 4 دن قبل وزیراعظم شیخ حسینہ کی عوامی لیگ نے متنازعہ انتخابات میں جو تشدد اور اپوزیشن کے بائیکاٹ کی وجہ سے داغدار ہوچکے ہیں، تین چوتھائی اکثریت حاصل کرلی۔ اسپیکر شیریں شرمین چودھری نے ارکان پارلیمنٹ کو حلف دلوایا۔ امکان ہے کہ 64 سالہ شیخ حسینہ اپنی کابینہ اتوار کے دن تشکیل دیں گی۔ برسر اقتدار عوامی لیگ کی حلیف جاتیہ پارٹی کے صدر ایچ ایم ارشاد نے بھی اپنی بیوی اور نومنتخب رکن پارلیمنٹ ارشاد کے ساتھ حلف اُٹھایا۔ اِس سے یہ قیاس آرائی پیدا ہوئی ہے کہ ارشاد جنھوں نے انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا
، کیسے منتخب ہوگئے۔ بنگلہ دیش کی نئی کابینہ اتوار کے دن تشکیل پائے گی، صدر عبدالحمید وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلوائیں گے، نئی کابینہ 30 ارکان پر مشتمل ہوگی۔ وزیراعظم شیخ حسینہ امکان ہے کہ کئی موجودہ وزراء نئی کابینہ میں شامل نہیں کریں گی کیونکہ اُن پر ناقص کارکردگی یا کرپشن کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ کثیر الاشاعت روزنامہ پروتھوم آلو کے بموجب آج عوامی لیگ کی صدر 64 سالہ شخ حسینہ کو عوامی لیگ پارلیمانی پارٹی کا متفقہ طور پر قائد منتخب کرلیا گیا۔ نامور سیاستداں کا ایک صاف ستھرا امیج ہے۔ سنگین سیاسی صورتحال میں بھی اُن کی کابینہ میں پھوٹ نہیں پڑسکی تھی۔ برسر اقتدارعوامی لیگ نے 5 جنوری کے پارلیمانی انتخابات میں 231 نشستیں حاصل کرلی ہیں جبکہ بی این پی زیرقیادت 18 پارٹیوں پر مشتمل اپوزیشن اتحاد نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا۔