کار کا دروازہ کھولنے کی کوشش پر نامعلوم افراد کیمرہ میں قید
بنگلور ۔ 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) رات کے اوقات میں پیش آئے ایک تلخ تجربہ کو کیمرہ میں قید کرلیا گیا جبکہ کار میں سوار 5 خواتین کا ایک نامعلوم شخص مسلسل ہراساں کرتا رہا۔ اگرچیکہ یہ خواتین مدد کیلئے پکارتی رہیں لیکن کسی نے بھی توجہ نہیں دی۔ یہ واقعہ ہفتہ کی شب 11.30 بجے شہر بنگلور کے قلب میں پیش آیا۔ جب یہ خواتین سیروتفریح سے واپسی کے دوران ایم جے روڈ پر ایک آئسکریم پارلر پر اپنی کار روکیں جس کے ساتھ ہی ایک شخص وہاں اچانک آ دھمکا اور کار کا دروازہ کھولنے لگا۔ یہ خواتین کار میں ڈرائیور کا انتظار کررہی تھیں جوکہ آئسکریم لانے کیلئے گیا ہوا تھا۔ نامعلوم شخص کار کو دھکے دیتے ہوئے پوری طاقت کے ساتھ دروازہ کھولنے کی کوشش کرتا رہا۔ بعدازاں مزید 2 افراد اس کے ساتھ مل گئے اور یہ 3 افراد دروازہ کھولنے کی کوشش کی لیکن کار کا دروازہ مقفل تھا اس لئے کھل نہیں سکا۔ اس وقت یہ خواتین مدد کیلئے چیخ و پکار کرتی رہیں لیکن راہگیروں نے ان سنی کردی۔ بعد میں یہ نامعلوم افراد تھک ہار کر وہاں سے چلے گئے۔ تاہم ان خواتین نے سیل فون کے ذریعہ نامعلوم افراد کی فلمبندی کرلی جسے پولیس کے حوالے کردیا گیا جس کی بناء پر پولیس مجرمین کی تلاش شروع کردی ہے۔