بنگلور میں تنزانیہ کی طالبہ کو برہنہ کرنے کے بعد پٹائی

بنگلور ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلور میں ایک کار کے نیچے عورت کچلے جانے کے بعد ’شناخت میں غلطی‘ کے سبب تنزانیہ کی ایک طالبہ کو برہم ہجوم نے برسرعام برہنہ کرنے کے بعد بری طرح زدوکوب کیا۔ تنزانیہ کی 21 طالبہ بی بی ایم کورس کررہی ہے جس کو اس کی کار سے کھینچ کر باہر نکالا گیا جو اپنے 3 دوستوں کے ساتھ بیٹھی ہوئی تھی۔ برہم ہجوم نے ان پر اس وقت حملہ کیا جب وہ اتوار کی شب پیش آئے حادثہ کے مقام پر پہنچی تھی۔ افریقی یونین کے قانونی مشیر باسکو کاویسی نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ اس سیاہ فام طالبہ کو ہجوم نے آہستہ چلنے والی گاڑی سے زبردستی اتار کر سڑک پر برہنہ کردیا اور دیگر 3 افراد نے بری طرح زدوکوب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طالبہ کا اس حادثہ سے کوئی تعلق نہیں تھا غلط شناخت کی بنیاد پر اس طالبہ کو حملہ کا نشانہ بنایا گیا۔