بنگلور میں بوسہ محبت پروگرام کی اجازت سے انکار

بنگلور۔/25نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلور میں 30نومبر کو بوسہ محبت کے کھلے عام مظاہرہ کے خلاف صدائے احتجاج بلند ہونے پر پولیس نے اس پروگرام کی اجازت سے انکار کردیا ہے اور کہا کہ برسر عام جذبہ محبت کا اظہار اور دیگر نوعیت کی غیر اخلاقی سرگرمیوں پر قانونی پابندی عائدرہے گی۔ ریاست میں اخلاقی پولیس کے خلاف مذکورہ پروگرام منعقد کرنے کے اعلان پر تمام سیاسی جماعتوں نے شدید مخالفت کی ہے اور کہا کہ یہ ہندوستانی سماج کیلئے قابل قبول نہیں ہے جبکہ دائیں بازو کی تنظیموں نے اس پروگرام پر اعتراض کرتے ہوئے جوابی کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ بنگلور پولیس کمشنر مسٹر ایم این ریڈی نے کہا کہ پولیس اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ اگر ہم اس طرح کے پروگرام کی اجازت دیں گے تو عوام کو فحاشی کی ترغیب ملے گی جس کے باعث قانون کے مختلف دفعات کے تحت پابندی عائد کردی گئی ہے اور قانون نافذ کرنے کی بنیادی ذمہ داری پولیس کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرناٹک پولیس ایکٹ کے مطابق درخواست گذار کو بوسہ محبت پروگرام کی اجازت دینے سے انکار کردیا گیا ہے۔مختلف سیاسی جماعتوں بشمول حکمران کانگریس، بی جے پی اور دیگر قائدین اس پروگرام کے انعقاد پر ناراضگی ظاہر کی ہے اور کہا کہ اخلاقی پولیس (مورل پولیسنگ ) کو اخلاق سوز حرکتوں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیئے۔