بنگلور میں بند کا ملا جلا ردعمل

بنگلور۔/31جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم میں اضافہ کے خلاف ملک میں آئی ٹی کیلئے ایک بہترین شہر تصور کئے جانے والے بنگلور میں کنڑا تنظیموں کی جانب سے بند کے اعلان کا ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ متعدد علاقوں میں کمرشیل ادارے بند رہے جبکہ بنگلور میٹرو پولیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے بسیں چلائی جارہی تھیں لیکن ان میں مسافرین کی تعداد بیحد قلیل تھی۔ سرکاری دفاتر اور بینکس میں معمول کے مطابق کام کاج جاری رہا البتہ تعلیمی اداروں کو تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔ انتہائی ضروری خدمات کو ہڑتال سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ شہر کے کچھ شاپنگ مالس بند رہے جبکہ سینما گھروں میں صبح کے شوز منسوخ کردیئے گئے۔ اس موقع پر پولیس کو چوکس کردیا گیا ہے اور حساس علاقوں میں طلایہ گردی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

ریاست گوا بھی ’ گجرات ماڈل ‘ کے نقش قدم پر
پنجی۔/31جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت گوا، اب حکومت گجرات کے نقش قدم پر چلتے ہوئے روزگار کے مواقع اور ہنرمند افراد ی قوت کے درمیان پائے جانے والے فرق کے مسئلہ کی یکسوئی کرے گی۔ گوا کے کرافٹسمین ٹریننگ منسٹر دھاولیکر نے ریاستی اسمبلی کو بتایا کہ جلد ہی ایک وفد گجرات کا دورہ کرے گا تاکہ اس بات کی اسٹڈی کی جائے کہ ریاست گجرات نے کس طرح دستیاب افرادی قوت کو صنعتی ضرورتوں کی تکمیل سے مربوط کیا۔