بنگلورو ۔16 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)تحقیقات کاروں نے یہاں کی ایک ریسٹورنٹ کے باہر پیش آئے دھماکے کے سلسلے میں بعض دہشت گرد گروپوں کے خلاف توجہ مرکوز کرلی ہے ، سٹی پولیس نے یہ بات کہی ۔ گزشتہ سال ڈسمبر کے واقعہ میں ایک خاتون ہلاک اور 3 دیگر افراد زخمی ہوئے تھے ۔ سٹی پولیس چیف ایم این ریڈی نے یہاں میڈیا والوں کو بتایا کہ ’’اس مرحلے پر ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہمیں بعض مخصوص شبہات ہیں اور ایک دو گروپوں پر نظریں مرکوز ہے ، ہم نے ہماری ٹیموں کو اُن کے خلاف تحقیقات میں جٹادیا ہے ، جو اُن کے روابط ، نٹ ورک وغیرہ کی چھان بین کررہے ہیں ‘‘۔ انھوں نے کہا کہ بعض خاموش گروپ اندرون شہر موجود نہیں بلکہ باہر سے سرگرم ہیں، اُن کے تعلق سے ضروری معلومات اکٹھا کی جارہی ہیں اور پتہ چلایا جارہا ہے کہ اُن کے پس پردہ کس کا نٹ ورک ہے ۔ کمشنر ریڈی نے بتایا کہ اس کیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم جانچ کررہی ہے اور وقفہ وقفہ سے اس کا سینئر سطح پر عہدیداروں کی جانب سے جائزہ لیا جارہا ہے ۔