بنگلورو کی دوکان میں سرقہ کی ملزم بنگلہ دیشی خاتون کو برہنہ کرکے زدوکوب کیا گیا

بنگلورو /29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صیانتی عملہ کے دو ارکان نے جو بنگلورو کی سوپر مارکٹ میں برسر کار ہیں، حملہ کرنے، ڈکیتی اور ایک بنگلہ دیشی خاتون کی بے عزتی کے الزام کے مقدمہ میں ماخوذ کئے گئے ہیں، کیونکہ انھوں نے اس خاتون کو برہنہ کرکے زدوکوب کیا تھا۔ ارکان عملہ کا کہنا ہے کہ وہ اس خاتون کی تلاش میں تھے، کیونکہ انھیں چپلوں کی ایک جوڑی دستیاب ہوئی تھی اور اسی خاتون کی تھی، جب کہ وہ سوپر مارکٹ سے باہر جا رہی تھی۔ ایک مقامی سیاست داں نے صیانتی عملہ کی تائید کی ہے۔ متاثرہ خاتون اپنے شوہر کے علاج کے لئے شہر آئی تھی۔ مقامی پولیس نے صیانتی عملہ کے خلاف خاتون کی شکایت پر ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کے بموجب اس جوڑے نے شہر آنے سے قبل اپنی جائداد فروخت کردی ہے۔ پولیس کے بموجب خاتون کی شکایت میں اس نے کہا ہے کہ اس کے پاس 65 ہزار روپئے نقد رقم تھی، اس نے اپنے شوہر کو نارائن ہردیالیہ ہاسپٹل میں شریک کروایا تھا، جس کے بعد وہ کچھ اشیاء اور چپلیں خریدنے کے لئے سوپر مارکٹ گئی تھی۔ جب وہ سوپر مارکٹ سے روانہ ہو رہی تھی تو صیانتی عملہ کو چپلوں کی ایک جوڑی دستیاب ہوئی، جو بل میں شامل نہیں کی گئی تھی۔ انھوں نے اس پر سرقہ کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے برہنہ کردیا اور زدوکوب کیا، اس کی رقم چھین لی۔ بنگلورو پولیس نے شکایت کی بنیاد پر صیانتی عملہ اور مقامی سیاست داں کو طلب کرلیا ہے۔