بنگلورو 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) انڈین ایرفورس کا ایک طیارہ آج یہاں یلایانکا فضائی اڈہ کے قریب تباہ ہوگیا جس کے نتیجہ میں اس کا ایک پائیلٹ ہلاک ہوگیا اور دیگر دو بحفاظت زمین پر پہونچ گئے۔ ایرو انڈیا شو کے افتتاح سے ایک دن قبل یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ فائر سرویس کے ڈی جی پی ایم این ریڈی نے مقام حادثہ کا معائنہ کرنے کے بعد کہاکہ ایشیاء کے ایک بڑے پانچ روزہ فضائی میلے سے قبل ریہرسل کے دوران واقعہ پیش آیا۔ ریڈی نے کہاکہ اس طیارہ میں تین پائیلٹس سوار تھے، ایک ہلاک ہوگیا اور دو معمولی زخمیوں کے ساتھ بحفاظت رہے۔ اس واقعہ میں ایک سویلین بھی زخمی ہوا ہے۔ وزیر دفاع نرملا سیتارامن نے کہاکہ ’میں اس (واقعہ) سے واقف ہوں‘۔ تاہم تفصیلات کیلئے استفسار پر اُنھوں نے کوئی وضاحت نہیں کی۔