بنگال کے افسران کاوزیرا عظم کی میٹنگ میں شرکت کرنے سے انکار

کلکتہ 6مئی (سیاست ڈاٹ کام )مغربی بنگال حکومت نے فانی طوفان پر وزیرا عظم نریندر مودی کی میٹنگ میں شرکت کرنے سے انکار کردیا ۔آج صبح وزیرا عظم مودی کی قیادت میں فانی طوفان سے ہونے والی تباہیوں کا جائزہ لینے کیلئے اڑیسہ کی راجدھانی بھونیشور میں یہ میٹنگ ہوئی۔مرکزی حکومت نے اس میٹنگ میں بنگال کے سینئرافسران کو بھی مدعوکیا تھا۔مرکزی حکومت نے ممتا بنرجی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو وزیراعظم کی میٹنگ کی اطلاع کرتے ہوئے بنگال حکومت کے اعلیٰ افسران کو میٹنگ میں طلب کیا تھا۔تاہم مغربی بنگال حکومت نے اپنے جواب میں کہا کہ چوں کہ 6مئی کو بنگال میں 7لوک سبھا کی سیٹوں پر پولنگ ہورہی ہے اور افسران الیکشن ڈیوٹی میں مشغول ہیں اس لیے تجزیاتی میٹنگ شریک نہیں ہوسکتے ۔بنگال حکومت نے اپنے جواب میں کہا کہ چوں کہ چیف سیکریٹری اور داخلہ سیکریٹری 6مئی کی صبح سے ہی پولنگ ختم ہونے تک الیکشن انتظامات میں مشغول ہیں اور ان افسران کیلئے کلکتہ چھوڑ کر باہر جانا ممکن نہیں ہے ۔وزیرا عظم مودی نے آج صبح اڑیسہ کے وزیراعلیٰ اور دیگر افسران کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگ کی اور فانی طوفان سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔بنگال و اڑیسہ سمیت فانی طوفان سے متاثر ریاستوں کیلئے ایک ہزار کروڑ روپے امدادی پیکج کا اعلان کررکھاہے ۔وزیرا عظم مودی بنگال میں صورت حال کا اندازہ لگانے کیلئے بنگال کے ساتھ میٹنگ کرنا چاہتے تھے مگر بنگال حکومت نے انکارکردیا۔دوسری جانب مرکزی حکومت کے افسران کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ طوفان کے پیش نظر‘پی ایم او’ کے افسران نے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی سے کئی مرتبہ رابطہ کیا تھا کہ وزیراعظم ان سے بات کرنا چاہتے تھے مگر دونوں مرتبہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے ان سے بات چیت نہیں کی۔خیال رہے کہ سنیچر کو پی ایم کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وزیرا عظم مودی نے گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی سے بات چیت کرکے فانی طوفان کا جائزہ لیا۔اس کے بعد ہی ترنمول کانگریس نے سخت ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے اڑیسہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائیک سے بات چیت کی مگر ممتا بنرجی سے بات کرنا گوارانہیں کیا۔اس کے بعد ہی وزیرا عظم کے دفتر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سنیچر کی صبح وزیرا عظم مودی کی جانب سے ممتا بنرجی سے رابطہ کرنے کیلئے دو دو مرتبہ کوشش کی گئی مگر وزیرا علیٰ نے بات نہیں کی۔دوسری جانب وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ و ایکسپائری وزیراعظم کے ساتھ اسٹیج شیئر نہیں کرسکتی ہیں۔