بنگال میں لاکھوں روپے کیساتھ بی جے پی لیڈر گرفتار

کولکاتا،، 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ ضلع میں پولیس نے 24 لاکھ سے زائد کی نقدی کے ساتھ بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کے ایک لیڈر سمیت چار لوگوں کو گرفتار کیا ہے ۔ اس ریاست میں عام انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کے تحت 19 مئی کو جنوبی 24 پرگنہ سیت 9 سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے ۔پولیس نے جمعہ کو بتایا کہ کل رات تقریباً 10 بجے بروئی پور ڈویژن کے بی جے پی کے جنرل سکریٹری منٹو ہلدر، سرسوتی ہلدر اور نمیتا کے ساتھ کار سے کہیں جارہے تھے ۔ اس دوران باکو تُلّا پولیس تھانہ کے تحت بہرو گھاٹ میں ان کی کار کو روک کر تلاشی لی گئی اور کار سے 24 لاکھ روپے سے زائد کی نقدی برآمد کی گئی۔ کار ڈرائیور سمیت چاروں لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔