برپاڑا ( مغربی بنگال ) 27 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کی جانب سے ریاست میں برسر اقتدار ترنمول کانگریس کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنگال کو اس حکمت عملی سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ۔ ممتابنرجی نے یہاں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو خود ترنمول کانگریس کا خوف ہے ۔ اسی لئے وہ ہمیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ترنمول کانگریس کو دھمکایا نہیں جاسکتا ۔ ہم اپنا سر بلند رکھتے ہیں۔ جو لوگ مجھے چیلنج کرتے ہیں میں انکا چیلنج قبول کرتی ہوں۔ ہم دہلی پر قبضہ کرینگے ۔ بی جے پی صدر امیت شاہ کے بھوانی پور اسمبلی حلقہ میں ایک سلم علاقہ کے دورہ کا حوالہ دیتے ہوئے ممتابنرجی نے کہا کہ وہ لوگ دہلی سے آئے اور جھوٹ پھیلا ہے ۔ یہ لوگ بنگال میں اقتدار حاصل کرنے کی جلدی میں ہیں۔ وہ لوگ ترنمول کانگریس قائدین کو سی بی آئی سے ڈرانا چاہتے ہیں۔ یہ لوگ گجرات سے نہیں نمٹ سکتے اور اب وہ بنگال پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ2014 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی نے کالا دھن واپس لانے کا وعدہ کیا تھا لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا ۔ انتخابات کے وقت بلند بانگ دعوے کرنا بہت آسان بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنگال میں ہم نے جو ترقی کی ہے وہ ہماری طاقت کا ایک ستون ہے ۔ ہم جو کامیابی حاصل کرسکتے ہیں وہ کوئی اور نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے ایک دلت کے گھر میں لنچ کرنے کو امیت شاہ کا تشہیری حربہ قرار دیا ۔