کولکتہ۔/17جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگالی اور ہندی فلموں کی معروف اداکارہ کا 82سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ وہ گذشتہ کئی دنوں سے شدید علیل تھیں اور انہیں مصنوعی تنفس پر رکھا گیا تھا۔ اپنے زمانے کی حسین ترین اداکارہ ہونے پر انہیں بنگالی سینما کی’’ گریٹا گاربو‘‘ کہا جاتا تھا۔ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ انہیں آج صبح دل کا شدیددورہ پڑا اور 8:25 بجے ان کا انتقال ہوگیا۔ گذشتہ 23ڈسمبر سے وہ بیلے ویوکلینک میں زیر علاج تھیں۔ حالانکہ ڈاکٹر س نے انہیں بچانے کی بے حد کوشش کی لیکن تمام کوششیں رائیگاں گئیں۔
ہاسپٹل سے باہر آتے ہوئے ان کی ایکٹریس بیٹی مون مون سین نے آبدیدہ ہوکر وہاں موجود سب کو نمسکار کیا۔ ویسے تو انہوں نے 60سے زاید بنگالی فلموں میں کام کیا لیکن اُن کی صرف چند ہندی فلمیں ایسی ہیں جنہیں آج تک یا د کیا جاتا ہے۔ دلیپ کمار کے ساتھ ’دیوداس‘ دیو آنند کے ساتھ ’ بمبئی کا بابو‘ اشوک کمار اور دھرمیندر کے ساتھ ’ ممتا‘ سنجیو کمار کے ساتھ ’ آندھی‘ اپنے زمانے کی سوپر ہٹ فلمیں تصو ر کی جاتی ہیں۔ 82سالہ ایکٹریس کی صرف ایک ہی بیٹی ہے اداکارہ مون مون سین جنہوں نے بنگالی کے علاوہ کچھ بی گریڈ کی ہندی فلموں میں بھی کام کیا ہے۔ علاوہ زیں ان کی دونواسیاں بھی ہیںریا سین اور رائما سین۔ دونوں ہی اداکارہ ہیں۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی نے کہاکہ سچترا سین کی آخری رسومات کے وقت انہیں توپوں سے سلامی پیش کی جائے گی۔ ان کے انتقال کی خبر ملتے ہی ممتا بنرجی فوری ہاسپٹل پہنچی تھیں۔
نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیراعظم منموہن سنگھ نے آج اداکارہ سچترا سین کے انتقال پر دیگر سیاسی قائدین کے ساتھ پیام تعزیت روانہ کرتے ہوئے کہاکہ اُن کا وجود سنیما کے لئے ایک نعمت تھا۔ سچترا سین نے لاکھوں ہندوستانیوں کے دلوں میں اپنا خصوصی مقام بنایا تھا لیکن اولین ہندوستانی کارکنوں میں سے ایک تھیں جنھوں نے 1963 ء میں ماسکو میں بین الاقوامی ایوارڈ جیتا تھا۔ سچترا سین کی رنگا رنگ شخصیت اور فن کا مظاہرہ تقریباً 30 سال پر محیط ہے۔ اُن کی ہندوستانی اور بنگالی سنیما کو دین منفرد ہے۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات منیش تیواری نے کہاکہ اُنھوں نے اپنے پیچھے ایک فلمی ورثہ چھوڑا ہے۔ رنگا رنگ بنگالی اداکارہ سچترا سین کے انتقال سے ہندوستانی سنیما کا ایک باب ختم ہوگیا۔
مودی نے کہاکہ سچترا سین کے انتقال سے ہم نے بہترین اداکارہ کھو دی ہے۔ سشما سوراج نے کہاکہ وہ ایک باوقار خاتون اور ماہر اداکارہ تھیں۔ چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے کہاکہ ہندی اور بنگالی فلموں کو سچترا سین کی دین ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ سی پی آئی (ایم) کی پولیٹ بیورو رکن برندا کرت نے آج سچترا سین کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے لاکھوں مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ اُنھوں نے اپنی حساس اداکاری کے ذریعہ لاکھوں دل جیت لئے تھے۔ مجھے اُن کے انتقال پر گہرا صدمہ پہونچا ہے۔ سچترا سین کا انتقال قلب پر حملہ کی وجہ سے کولکتہ کے ایک ہسپتال میں آج ہی ہوا۔ عام آدمی پارٹی نے بھی اُن کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔