بنڈارو دتاتریہ سے کڈیم سری ہری کی ملاقات

حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : ( آئی این این ، این ایس ایس ) : ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست مسٹر کڈیم سری ہری نے آج یہاں دلکشا گیسٹ ہاوز حیدرآباد میں مرکزی مملکتی وزیر لیبر و ایمپلائمنٹ مسٹر بنڈارو دتاتریہ سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر دتاتریہ نے کڈیم سری ہری کو تلنگانہ ریاست کی کابینہ میں بحیثیت ڈپٹی چیف منسٹر شمولیت پر تہنیت پیش کیا ۔ بعد ازاں مرکزی مملکتی وزیر اور ڈپٹی چیف منسٹر ریاست کی موجودہ سیاست اور ریاست تلنگانہ سے متعلق مختلف امور پر بات چیت کی گئی ۔ اس موقع پر سابق گورنر پنجالہ شیو شنکر کی اہلیہ ڈاکٹر پنجالہ لکشمی بائی نے بنڈارو دتاتریہ اور کڈیم سری ہری سے ملاقات کی اور انہیں پدم شری وینکٹ سوامی نائیڈو کے آڈیو سی ڈی ریلیز تقریب منعقدشدنی 13 فروری پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی میں شرکت کی دعوت دی ۔ اسی دوران این این ایس کے بموجب کڈیم سری ہری نے بنڈارو دتاتریہ سے وزارت فروغ انسانی وسائل سے سرواسکھشا ابھیان اور دیگر اسکیمات کے لیے بجٹ مختص کرنے اور اس کو جلد جاری کرنے کی خواہش کی ۔ اس کے علاوہ دونوں کی بات چیت کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کو چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے تلنگانہ برقی اور کوئلہ مختص کرنے سے متعلق بھی یاد دہانی کی تو مرکزی مملکتی وزیر نے ڈپٹی چیف منسٹر کو اس بات کا تیقن دیا کہ وہ اس ضمن میں مرکزی وزیر برقی پیوش گوئیل سے ملاقات کر کے تلنگانہ کے لیے زیادہ سے زیادہ کوئلہ اور برقی کی منظوری کے لیے نمائندگی کریں گے ۔ دتاتریہ نے سری ہری سے خواہش کی کہ وہ وزیر اعظم کے سنسد آدرش گرام یوجنا کے تحت حاصل کردہ تین مواضعات کی ترقی کے لیے ریاستی حکام کو تعاون کے لیے ہدایت دیں ۔۔