بند کافیصلہ غلط تھا بائیں بازو محاذ کااعتراف

کولکاتہ ۔ 28 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بائیں بازو محاذ کی 12گھنٹے ہڑتال کی اپیل کا خاطر خواہ اثر نہیں ہوا اور محاذ کے صدرنشین بمن بوس نے تسلیم کیا کہ یہ فیصلہ غلط تھا ۔ انھوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے یہ سمجھا تھا کہ عوام اس ہڑتال کی پس پردہ وجہہ کو سمجھیں گے ، لیکن ہماری یہ سونچ غلط تھی ۔ ہمیں مستقبل میں اس سے سبق ملے گا ۔ تاہم انھوں نے کہاکہ بہت ہی مختصر نوٹس پر اس ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا ۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ عوام کو آئندہ ماہ یہ بات سمجھ میں آئے گی کہ ہم نے ہڑتال کیوں کی تھی ۔ بینکس ، اے ٹی ایمس میں رقم نہیں ہے ، پھر وہ آنے والے دنوں میں اپنا گھر کس طرح چلائیں گے ؟ یہ انتہائی پیچیدہ مسئلہ ہے اور عوام خود اپنے ذاتی تجربہ کے ذریعہ اسے سمجھ پائیں گے ۔