بندر کی قلابازی

جنگل میں الیکشن ہوا تو ایک بندر جیت گیااور جنگل کا بادشاہ بن گیا ۔ ایک دن بندر بادشاہ ایک پہاڑ کے پاس بیٹھے آرام فرمارہے تھے کہ لومڑی آئی اور عرض کیا کہ بادشاہ سلامت ! ایک شیر میری غیرموجودگی میں میرے گھر کے آس پاس چکر کاٹتا ہے ، مجھے ڈر ہے کہ کہیں وہ شیر میرے بچوں کو نہ کھا جائے ۔ اتنی بات سننی تھی کہ بندر بادشاہ بھاگتے ہوئے پہاڑ پہ چڑھ گئے ۔
دوڑتے ہوئے واپس آئے تو سانس پھول گیا اور آکر لومڑی سے کہا … اچھا بی بی کچھ کرتے ہیں ۔ لومڑی چلی گئی ۔ اگلے دن لومڑی نے آکر پھر وہی شکایت کی ۔ بندر بادشاہ بھاگتے ہوئے پھر پہاڑ پہ چڑھ گئے ۔ دوڑتے ہوئے واپس آئے تو سانس پھول گیا اور آکر لومڑی سے کہا … اچھا بی بی کچھ کرتے ہیں ۔ تیسرے دن لومڑی نے آکر کہا … دیکھا بادشاہ سلامت ! جس بات کا مجھے ڈر تھا آخر وہی ہوا ؟
کیا ہوا ؟ … بندر بادشاہ نے پوچھا
لومڑی نے جواب دیا ۔ بادشاہ سلامت آج شیر میرے بچوں کو کھاگیا ۔ اس پر بندر بادشاہ نے جواباً کہا ۔ دیکھو بی بی ! تمہارے سامنے بھاگ دوڑ تو بہت کی ہے میں نے … آگے جو خدا کو منظور۔