جنگل میں الیکشن ہوا تو ایک بندر جیت گیااور جنگل کا بادشاہ بن گیا ۔ ایک دن بندر بادشاہ ایک پہاڑ کے پاس بیٹھے آرام فرمارہے تھے کہ لومڑی آئی اور عرض کیا کہ بادشاہ سلامت ایک شیر میری غیرموجودگی میں میرے گھر کے آس پاس چکر کاٹتا ہے ، مجھے ڈر ہے کہ کہیں وہ شیر میرے بچوں کو نہ کھا جائے ۔ اتنی بات سننی تھی کہ بندر بادشاہ بھاگتے ہوئے پہاڑ پہ چڑھ گئے ۔ دوڑتے ہوئے واپس آئے تو سانس پھول گیا اور آکر لومڑی سے کہا … اچھا بی بی کچھ کرتے ہیں ۔ لومڑی چلی گئی ۔ اگلے دن لومڑی نے آکر پھر وہی شکایت کی ۔ بندر بادشاہ بھاگتے ہوئے پھر پہاڑ پہ چڑھ گئے ۔ دوڑتے ہوئے واپس آئے تو سانس پھول گیا اور آکر لومڑی سے کہا … اچھا بی بی کچھ کرتے ہیں ۔ تیسرے دن لومڑی نے آکر کہا … دیکھا بادشاہ سلامت ! جس بات کا مجھے ڈر تھا آخر وہی ہوا ؟
کیا ہوا ؟ … بندر بادشاہ نے پوچھا
لومڑی نے جواب دیا ۔ بادشاہ سلامت ! آج شیر میرے بچوں کو کھاگیا ۔ اس پر بندر بادشاہ نے جواباً کہا ۔ دیکھو بی بی ! تمہارے سامنے بھاگ دوڑ تو بہت کی ہے میں نے ،آگے جو خدا کو منظور۔