حیدرآباد 28 مئی (سیاست نیوز) وزیر فینانس حکومت تلنگانہ مسٹر ای راجندر نے بنجارہ ہلز کے مقام پر آج ’’کریڈائی‘‘ کے نئے آفس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ کریڈائی سماجی ذمہ داریوں کو انجام دیتا ہے اور اس بات پر مسرت کا اظہار کیاکہ کریڈائی میں تیسری نسل کا حصہ لینا انتہائی خوش آئند ہے۔ انھوں نے تیسری نسل سے انتہائی کم مصارف میں مکانات تعمیر کرنے کی کوشش کا مشورہ دیا۔ وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے اس توقع کا اظہار کیاکہ حیدرآباد میں عام آدمی بھی مکان تعمیر کرنے کے لئے کریڈائی اپنی کوشش کرے گا اور کریڈائی کے نمائندوں سے خواہش کی کہ آپ اپنی ترقی میں ورکروں کو بھی برابر کا حصہ دار بنائیں بلکہ کریڈائی کے نمائندوں سے یتیم و نادار بچوں کو بھی اپنانے یا گود لینے کی خواہش کی۔ ای راجندر نے کریڈائی کے نمائندوں کو تیقن دیا کہ انھیں درپیش مسائل کی یکسوئی کے لئے ممکنہ تعاون کریں گے۔