شاہنواز قاسم اور بابا فصیح الدین کی شرکت
حیدرآباد۔یکم جون، ( سیاست نیوز) ڈائرکٹر اقلیتی بہبود اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ شاہنواز قاسم نے بنجارہ ہلز روڈ نمبر 5پر واقع مسجد بلال میں غریب مسلم خاندانوں میں رمضان گفٹ پیاکٹس کی تقسیم عمل میں لائی ہے۔ ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین اور مقامی کارپوریٹر ایم کویتا ریڈی نے غریب خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم کے سلسلہ میں اہم رول ادا کیا ۔ شاہنواز قاسم نے کہا کہ حکومت رمضان المبارک کے مقدس موقع پر غریب خاندانوں کو دعوت افطار کے علاوہ ملبوسات کا تحفہ دے رہی ہے۔ حکومت رمضان اور عید کی خوشیوں میں غریبوں کو شامل کرنے کے مقصد سے اس منفرد اسکم پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین کی ستائش کی جو کئی بلدی حلقوں میں غریبوں میں ملبوسات کی تقسیم میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ شاہنواز قاسم نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ہر کارپوریٹر سے 2 مساجد کے نام حاصل کئے گئے۔ ہر مسجد میں500 غریبوں میں گفٹ پیاک کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ بابا فصیح الدین نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقلیت دوست قائد ہیں اور تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد تمام مذاہب کے عید و تہوار سرکاری سطح پر منائے جارہے ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کی خصوصی عبادتوں کے دوران چیف منسٹر اور تلنگانہ ریاست کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔