حیدرآباد۔/9ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل ایس راملو نائیک نے حیدرآباد میں حکومت کی جانب سے بنجارہ اور گریجن خاندانوں کیلئے خصوصی بھون کی تعمیر کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راملو نائیک نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے بنجارہ ہلز جیسے اہم علاقہ میں’’ بنجارہ بھون ‘‘ کی تعمیر کو منظوری دی ہے۔ راملو نائیک نے بتایاکہ 11ڈسمبر کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بھومی پوجا کے ذریعہ تعمیری کاموں کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے بنجارہ طبقہ اور قبائیلی عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں اس پروگرام میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بنجارہ، آدی واسی اور گریجنوں کی ترقی کیلئے حکومت نے جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ انتخابی منشور میں ان طبقات کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے ان پر بہر صورت عمل کیا جائے گا۔ راملو نائیک نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ کمزور اور پسماندہ طبقات کی بھلائی کے سلسلہ میں سنجیدہ ہیں اور انہیں اندازہ ہے کہ تلنگانہ میں80فیصد سے زائد آبادی کمزور طبقات پر مشتمل ہے۔ حکومت ان طبقات کی بھلائی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ راملو نائیک نے کہا کہ بنجارہ بھون کی تعمیر کے سلسلہ میں نمائندگی کے فوری بعد چیف منسٹر نے نہ صرف اس تجویز سے اتفاق کیا بلکہ اراضی الاٹ کرتے ہوئے تعمیر کی راہ ہموار کی ہے۔ اسی دوران وزیر فینانس ای راجندر نے آج ’بنجارہ بھون‘ کی تعمیر سے متعلق اراضی کا عہدیداروں کے ساتھ دورہ کیا اور بھون کے منصوبہ پر بات چیت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ بھون کے ڈیزائن کی چیف منسٹر سے منظوری حاصل کی جائے گی۔