بناء سبسیڈی کے حامل ایل پی جی سلینڈر کی قیمت میں اضافہ

نئی دہلی ۔ یکم جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) عدم سبسڈی والے پکوان گیس سلینڈر کی قیمت میں آج فی سلینڈر 16.50 روپئے کا اضافہ کردیا گیا جبکہ جیٹ فیول ( ائر ٹربائین فیول ) کی قیمت میں 0.6 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ کل ہی مرکزی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 1.69 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر پچاس پیسے کے اضافہ کا اعلان کیا تھا اور آج پکوان گیس اور جیٹ فیول کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔

سبسڈی کے سالانہ 12 سلینڈرس کے استعمال کے بعد صارفین عدم سبسڈی والا سلینڈر مکمل قیمت ادا کرکے حاصل کرتے ہیں اس کی قیمت میں آج 16.50 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ اب اس سلینڈر کی قیمت دہلی میں 906 روپئے کی بجائے 922.50 روپئے ہوجائیگی ۔ گذشتہ مہینے عدم سبسڈی والے پکوان گیس سلینڈرس کی قیمت میں 23.50 روپئے کی کمی کی گئی تھی ۔ دہلی میں سبسڈی والے سلینڈر کی قیمت 414 روپئے ہے ۔ آج جو اضافہ کیا گیا ہے اس کے نتیجہ میں گذشتہ چند مہینوں سے قیمتوں میں کمی کا جو رجحان چل رہا تھا اس کی نفی ہوگئی ہے ۔ سب سے پہلے یو پی اے حکومت نے فبروری میں 107 روپئے فی سلینڈر کم کئے تھے ۔ اس کے بعد مارچ میں 53.5 روپئے کم ہوئے تھے ۔ اپریل میں 52 روپئے اور مئی میں 23.50 کم کئے گئے تھے ۔ انڈین آئیل کارپوریشن کا کہنا ہے کہ سبسڈی والے پکوان گیس سلینڈر پر حکومت کو نقصانات کا سامنا ہے ۔