نیویارک دفتر سے اسٹاف کا تخلیہ، نصف گھنٹہ تک افراتفری
نیویارک 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سی این این کے نیویارک میں واقع اسٹوڈیو کا جمعرات کی شب راست ٹیلی کاسٹ کئے جانے والے ایک پروگرام کے دوران اچانک تخلیہ کردیا گیا جب وہاں بم کے خطرہ سے متعلق فون کال موصول ہوا۔ امن نافذ کرنے والے ادارہ کے ذرائع کے مطابق یہ دھمکی جمعرات کی شب موصول ہوئی تھی جب فون کرنے والے نے بتایا کہ اس عمارت میں پانچ بم موجود ہیں۔ نیویارک کے سی این این نیوز روم میں آتشزدگی کے خطرہ سے چوکس کرنے والے کئی الارم بجنے لگے جس کے بعد رات 10 بجے سے کچھ پہلے ایک فون کال موصول ہوا تھا۔ نیویارک کی سی این این ٹائم وارٹر سنٹر بلڈنگ اور ڈان لیمن ’سی این این ٹو نائٹ‘ لائیو پروگرام کے اسٹاف نے درمیان میں ہی تخلیہ کردیا۔ اس نیٹ ورک کو تقریباً آدھے گھنٹے تک عبوری طور پر روک دیا گیا۔ بعدازاں ٹرک سے اس کا لائیو ٹیلی کاسٹ شروع ہوگیا۔ نیویارک کے محکمہ پولیس نے کہاکہ رات 10.07 بجے اس عمارت میں بم کی موجودگی کے خطرہ سے متعلق ایک فون کال موصول ہوا۔ جس کے ساتھ ہی ٹائم وارنر سنٹر اور عمارت کا تخلیہ کردیا گیا۔ اطراف کے علاقہ میں موجود متعدد دوکانات اور اسٹوڈیوز بند کردیئے گئے۔ نیویارک پولیس نے ساری عمارت کی تفصیلی تلاشی لی اور نصف شب بعد اس عمارت کے محفوظ ہونے کی توثیق کی گئی۔ سی این این نے بھی اس کے نیویارک دفاتر میں بم کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے اور اس کے بعد وہاں سے اسٹاف کے تخلیہ کی خبروں کی توثیق کی ہے۔