بم سازی کے دوران دھماکہ سے 4 افراد ہلاک

مالڈا ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بنگلہ دیش کی سرحد کے قریب ایک گاؤں میں بم سازی کے دوران دھماکہ سے 4 افراد ہلاک اور دیگ 3 افراد شدید زخمی ہوگئے جب کہ ریاست میں 5 مئی کو آخری مرحلہ کے انتخابات منعقد ہونے والے ہیں ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ سید وقار رضا نے بتایا کہ بائیس ناب پولیس اسٹیشن کے تحت موضع مونپور میں ایک شخص غیاثو شیخ کے مکان میں شب ایک بجے بم بنانے کے دوران اچانک دھماکہ ہوگیا ۔ جب کہ ریاست کے مختلف مقامات سے مابعد انتخابات تشدد کے واقعات کی اطلاعات ہیں ۔ مذکورہ دھماکہ میں ایک شخص برسر موقع ہلاک ہوگیا اور دیگر 3 افراد مالڈا میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ مہلوکین کی بحیثیت کلام شیخ ( 35 سال ) سمیو شیخ ( 28 سال ) سروپ شیخ ( 35 سال ) اور عالم شیخ ( 30 سال ) شناخت کرلی گئی ۔ ضلع ایس پی نے جائے وقوع کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ مزید 3 افراد کو ہاسپٹل میں شریک کروادیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بم سازی کے واقعہ میں مقامی غنڈے ملوث ہیں جب کہ مالک مکان غیاثو فرار ہوگیا ہے ۔