بم دھماکوں میں ’’آر ایس ایس کے کردار ‘‘کے بارے میںاسیما نند کے انٹرویو پر تنازعہ

نئی دہلی 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )سمجھوتہ ایکسپریس اور بم دھماکوں کے دیگر مقدمات کے ملزم سوامی اسیما نند کے دعوے پر کہ آر ایس ایس کی قیادت نے ان دہشت گرد کارروائیوں کی ’’منظوری ‘‘ دی تھی۔ سنگھ پریوار کی قیادت میں ہلچل مچادی دی ہے آر ایس ایس نے اس انٹرویو کی صداقت پر شبہ ظاہر کیا ہے ۔ یہ انٹرویو ایک میگزین میں شائع ہوا تھا ۔ کانگریس اور دیگر سیاسی پارٹیاں بشمول بی ایس پی نے اسے ایک سنگین مسئلہ قرار دیا ہے اور مناسب تحقیقات کے حکم کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے خاطیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے تاہم بی جے پی اور اس کی حلیف شیو سینا نے اسیما نند کے آر ایس ایس پر الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کو مسترد کردیا اور ان پر الزام عائد کیا کہ انتخابات سے پہلے حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کی یہ ’’گھناؤنی چالیں ‘‘ہیں ۔آر ایس ایس کے ترجمان رام مادھو نے اسیما نند سے منسوب انٹرویو کو ’’من گھڑت‘‘ قرار دیا۔ رسالہ کاروان میں شائع اس انٹرویو میں اسیما نند نے آر ایس ایس پر الزام عائد کیا ہے کہ دہشت گرد کارروائیوں آر ایس ایس قیادت نے منظوری دی تھی۔

رام مادھو نے کہا کہ اسیما نند واضح طور پر ایسا کوئی انٹرویو دینے کی تردید کرچکے ہیں۔ انٹرویو کی صداقت کے بارے میں کئی سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ اس انٹرویو کی صداقت کی جانچ ضروری ہے۔ انتخابات قریب ہیں اس لئے ایسے کئی واقعات پیش آسکتے ہیں۔ مرکزی وزیر اور کانگریسی قائدین راجیو شکلا نے کہا کہ یہ ایک سنگین معاملہ ہے اور وزارت داخلہ کو سچائی معلوم کرنا چاہئے۔ وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا کہ سچائی خود باہر آجائے گی اگر اس مسئلہ پر مباحث منعقد کئے جائیں ۔ مرکزی وزیر داخلہ شنڈے نے کہا کہ اگر انہوں نے کسی کو بے نقاب کیا ہے تو یہ سچ بھی ہوسکتا ہے۔ مایاوتی نے آر ایس ایس کی قیادت کے بم دھماکوں میں ملوث ہونے کو سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرکز کو اس معاملہ کو معمولی نہیں سمجھنا چاہئے ۔ بی جے پی قائد روی شنکر پرشاد نے آر ایس ایس قیادت پر عائد تمام الزامات مسترد کردیئے اور کہا کہ اس انٹرویو کی صداقت مشتبہ ہے ۔ یہ انتخابات کے پیش نظر ایک گھناؤنی چال معلوم ہوتی ہے۔ شیو سینا قائد سنجئے راوت نے کہا کہ صیانتی محکمہ کانگریس حکومت کے تحت ہیں ، ان پر عوام کا زبردست دباؤ ہے کہ ہندوتوا تنظیموں پر عائد الزامات کو غلط قرار دیا جائے سماجوادی پارٹی قائد رام گوپال یادو نے اس تنازعہ میں الجھنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خبر کی کوئی اطلاق نہیں ہے۔بی جے پی نے ادعا کیا کہ کانگریس کے پاس قیمتوں اور بے روزگاری اضافہ اور ترقی کے فقدان کی کوئی وضاحت موجود نہیں ہے۔

دہشت گردی میں آر ایس ایس سربراہ کے ملو ث ہونے کی تحقیقات کا مطالبہ

ممبئی 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) سماج وادی پارٹی نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے خلاف عائد کئے گئے الزام کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ بھاگوت کا نام سمجھوتہ ایکسپریس اور دیگر بم دھماکوں میں ملزم سوامی اسیما انند نے ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ دہشت گرد کارروائیوں میں آر ایس ایس سربراہ مبینہ طور پر ملوث ہیں۔ ان کی منظوریوں سے دہشت گرد حملے کئے گئے ۔ سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابو اعظمی نے کہا کہ ہم بھاگوت کے خلاف این آئی اے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔