بل کلنٹن کے مکان کے عقب میں واقع عمارت میں آتشزدگی

نیویارک، 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن اور 2016 میں صدر کے لئے ڈیموکریٹ امیدوار ہلاری کلنٹن کے نیویارک کے چپاکوا واقع رہائش گاہ کے پیچھے انٹیلی جنس سروس کی عمارت میں آگ لگنے کا حادثہ پیش آیا ۔ایجنسی نے ایک بیان میں اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ آتشزدگی کے وقت بل اور ہلاری گھر میں نہیں تھے۔ آگ پر فائر بریگیڈ کی مدد سے فوری طور پر ہی قابو پا لیا گیا۔ بیان کے مطابق انٹیلی جنس سروس کے ایک ملازم نے دو بج کر 40 منٹ پر عمارت کی دوسرے منزل کی چھت میں آگ لگنے کی اطلاع دی۔نیو کیسل محکمہ پولیس کے سارجنٹ آرتھر مینڈوزا نے بتایا کہ اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔آگ لگنے کی وجوہات کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ ‘جرنل نیوز’ کے مطابق مسٹر کلنٹن نے 1999 میں پانچ کمروں والا اورتقریباً 5232 مربع فٹ پر پھیلا یہ مکان 10 لاکھ 70 ہزار ڈالر میں خریدا تھا۔ چپاکوا نیویارک شہر سے 64 کلومیٹر کے فاصلے پر شمال میں واقع ہے ۔