حیدرآباد 9 جنوری ( این ایس ایس ) چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی نے آج ارکان اسمبلی سے اپیل کی کہ وہ مسودہ تلنگانہ بل پر ایوان اسمبلی میں مباحث میں حصہ لیں۔ انہوں نے ارکان پر زور دیا کہ وہ اس طرح سے اپنے خیالات کا اظہار کریں جس سے دوسرے علاقوں کے عوام کو بھی مطمئن کیا جاسکے ۔ مباحث میں مداخلت کرتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر کرن کمار ریڈی نے ارکان اسمبلی سے اپیل کی کہ جب دوسرے ارکان ایوان میں مباحث میں حصہ لے رہے ہوں تو وہ اس میں رکاوٹیں پیدا نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم ریاست کا سمئلہ بہت ہی پیچیدہ اور حساس ہے ۔ ارکان کو غیر ضروری تبصرے اور ریمارکس کرتے ہوئے دوسروں کو مشتعل کرنے سے گریز کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایوان کی روایات اور دستور ہند کے مطابق کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ نو کروڑ تلگو عوام یہ دیکھ رہے ہیں کہ ارکان اسمبلی بحران کے اور مشکل کے اس وقت میں ایوان میں کس طرح کا رویہ اختیار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی باتوں سے عوام کو اشتعال نہیں آنا چاہئے بلکہ ارکان کو چاہئے کہ وہ عوام کو مطمئن کرنے کے انداز میں بات کریں ۔