بلوچستان پر وزیراعظم مودی کی تقریر، شیوسینا کی تنقید

بلوچ قائدین کو بچانے آیا مودی فوج روانہ کریں گے، سامنا میں اداریہ
ممبئی 24 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) یوم آزادی تقریر میں بلوچستان کا حوالہ دینے پر وزیراعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیوسینا نے ان سے استفسار کیا ہے کہ آیا بلوچ قائدین کو بچانے کے لئے وہ ہندوستانی فوج کو پاکستان کو روانہ کریں گے۔ ان کے ریمارکس کی حمایت کرنے والے بلوچ لیڈروں پر غداری کے الزامات ہیں۔ غداری کے کیس کے بشمول پانچ مقدمات حال ہی میں 3 بڑے بلوچ قوم پرست لیڈروں کے خلاف درج کئے گئے ہیں۔ پاکستان میں بلوچ قائدین اور بلوچستان کے بارے میں مودی نے حال میں ریمارک کیا تھا اور ان بلوچ قائدین نے مودی کی تقریر کی حمایت کی تھی۔ مودی نے بلوچستان میں ان کی جدوجہد کی تائید کی تھی۔ شیوسینا کے اخبار ’’سامنا‘‘ میں اداریہ لکھتے ہوئے پارٹی نے کہاکہ بلوچ قائدین کو وزیراعظم مودی کی حمایت کرنا مہنگا پرا ہے۔ حکومت پاکستان نے ان لیڈروں کی موافق مودی تقریر کا سخت نوٹ لے کر پاکستان کے ساتھ غداری قرار دیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کردیئے ہیں۔ اب وزیراعظم مودی ان کی حمایت کے لئے کیا قدم اٹھائیں گے۔ کیا مودی بلوچ لیڈروں کو بچانے کے لئے فوج روانہ کریں گے یا پھر ایک بار بلوچ قائدین کے خلاف پاکستان کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے ایک اور تقریر کریں گے۔ شیوسینا نے یہ بھی سوال کیاکہ آیا مودی کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانے والوں کے خلاف بھی ایسا ہی قدم اٹھانے کا منصوبہ رکھتے ہیں؟ بی جے پی کی حلیف پارٹی شیوسینا نے جموں و کشمیر کے بارے میں یہ بھی کہا ہے کہ چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے علیحدگی پسندوں سے بات چیت کرنے کی حمایت کی ہے جو سراسر غلط ہے۔