کراچی ۔ 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شورش زدہ صوبہ بلوچستان میں دھاوؤں کے دوران سیکوریٹی فورسیس نے تنزانیہ، نائجیریا اور کینیا سے تعلق رکھنے والے 5 مغویہ بیرونی باشندوں کو برآمد کرلیا۔ ضلع پولیس افسر بشیر بروہی نے کہا کہ ’’انہیں اورسیس کالونی پر دھاوے کے دوران برآمد کیا گیا اس وقت وہ ایک گھر میں زنجیروں سے باندھے ہوئے پائے گئے تھے‘‘۔ بروہی نے مزید کہا کہ انٹلیجنس رپورٹ موصول ہونے کے بعد ضلع کیچ میں دعوے کئے گئے تھے۔ برآمد شدہ افراد کے پس منظر کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو بیرونی باشندوں کا 2012ء میں دیگر دو کا 2013ء اور ایک کا 2014ء میں اغواء کیا گیا تھا غالباً پاکستان کے سب سے بڑے شہر میں اغواء کی یہ وارداتیں پیش آئی تھیں۔