بلوچستان میں بندوق بردار حملہ آوروں کی فائرنگ میں 4ہلاک

کوئٹہ۔19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں بندوق بردار حملہ آوروں نے آج شیعہ اقلیتی فرقہ کے چار افراد کو قتل کردیا، جو پولس کے بقول مبینہ مسلکی حملہ تھا۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے بتایا کہ مستونگ شہر کے قریب نامعلوم مسلح حملہ آور کی فائرنگ سے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے تین مرد اور ایک خاتون جاں بحق ہوگئے ، جو کراچی جارہے تھے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح حملہ آور دو موٹر سائیکلوں پر سوارتھے ، جنہوں نے کوئٹہ کے نزدیک مستونگ میں شاہراہ ایک گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت گاڑی میں سوار4 افراد جاں بحق ہوئے ، جن کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔فائرنگ کے بعد حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔مستونگ میں پولس چیف غضنفر علی نے بتایا کہ شیعہ ہزارہ برادری کے لوگوں پر اپنے عقیدے کی وجہ سے حملہ کیا گیا ہے ، اس لئے یہ ٹارگٹ کلنگ کا معاملہ ہے ۔ تاہم، کسی بھی جنگجو گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری نہیں لی ہے ۔