نئی دہلی، 4 دسمبر(سیاست ڈاٹ کام)بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سپریمو مایاوتی نے مغربی اتر پردیش کے ضلع بلند شہر میں گئو رکشکوں کی بھیڑ کے تشدد میں ایک پولیس افسر سمیت دو افراد کے قتل کے لیے ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ محترمہ مایاوتی نے منگل کے روز یہاں کہا کہ ہر طرح کی افراتفری کو تحفظ دینے ہی کا نتیجہ ہے کہ اتر پردیش میں اب قانون کے رکھوالے بھی قربان ہو رہے ہیں۔ بلندشھر پرتشدد واقعہ کا شکار ہونے والے ایک پولس افسر اور ایک نوجوان کی موت پر گہرے رنج اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ان کی حکومتوں کو بھیڑکے تشدد اور افراتفری کے راج کو ختم کرنے اور قانون کا راج قائم کرنے کی پوری ایمانداری سے کوشش کرنی چاہیے تاکہ ملک کے آئین اور جمہوریت کی بھیڑ سے حفاظت کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ بلندشھر کے افسوسناک واقعہ میں مرنے والوں کے خاندانوں کو صرف مناسب معاوضہ دینا ہی کافی نہیں ہو گا بلکہ اس تشدد کے لیے تمام قصورواروں کو سخت سے سخت سزا وقت پر دلانا بھی یقینی ہونا چاہیے ۔