بلند شہر اب پرامن :یوپی ڈائرکٹر جنرل پولیس

شرڈی (مہاراشٹرا ) ۔9 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) یوپی کے ڈائرکٹر جنرل پولیس او پی سنگھ نے آج کہا کہ ضلع بلند شہر اب پرامن ہے جہاں دو افراد ہجومی تشدد میں گزشتہ ہفتہ ذبیحہ گائے کی افواہ کی بناء پر ہلاک کردیئے گئے تھے ۔ او پی سنگھ نے تاہم اخباری نمائندوں کے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا کہ کیا فوجی جتندر ملک کو پولیس انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کی ہلاکت میں ملوث ہونے کی بناء پر گرفتار کیاگیا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ بلند شہر میں حالات پرامن ہیں اور نظم و نسق اچھا ہے ۔ 3 ڈسمبر کو 400 افراد کے ایک ہجوم نے پورے بلند شہر ضلع کے دیہات میں توڑ پھوڑ مچائی تھی ۔ یہ واضح طورپر قریبی جنگل سے ایک گائے کا ڈھانچہ دستیاب ہونے کا نتیجہ تھا جس پر گولی کے زخموں کے نشانات تھے ۔ تشدد کے دوران پولیس انسپکٹر سنگھ اور ایک 20 سالہ شخص گولی کے زخموں سے ہلاک ہوگئے تھے ۔ 9 افراد کو تشدد کے سلسلے میں گرفتار کیاگیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ کنوینر یوگیش راج نے اس کا انکشاف کیا ۔