سڑکوں و محلہ جات میں تعفن ‘شہریوں کا سانس لینا دوبھر‘ حکومت اور جی ایچ ایم سی پر جناب عامر علی خان کی تنقید
حیدرآباد۔10فبروری(آئی این این ) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے لیڈر جناب عامر علی خان نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) کے ملازمین کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال کے دوران دونوں شہروں سے کچرے کی نکاسی کیلئے متبادل انتظامات نہ کئے جانے پر آج جی ایچ ایم سی کی سخت مذمت کی ۔ جناب عامر علی خان نے کہا کہ بلدی ملازمین کی ہڑتال کے سبب حیدرآباد و سکندرآباد کے تقریباً تمام محلہ جات میں کچرے کے انبارلگے ہیں اور سڑکوں پر تعفن کے سبب شہریوں و رہگیروں کا سانس لینا دوبھر ہوگیا ہے ۔ 25000 ملازمین بلدی کی ہڑتال کے سبب عظیم تر حیدرآباد کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ تقریباً 12000 میٹرک ٹن کچرا سڑکوں اور محلہ جات کی گلی کوچوں میں جمع پڑا ہے ۔جناب عامر علی خان نے کہا کہ عظیم تر حیدرآباد میں روزانہ 4000میٹرک ٹن کچرا جمع ہوتا ہے ۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ جب تک بلدی ملازمین کی ہڑتال جاری رہے گی شہر میں کچرا کے ڈھیر میں یومیہ 4000 ٹن کا اضافہ ہوتا رہے گا ۔ چنانچہ فی الفور جنگی خطوط پر کچرے کی نکاسی نہ کئے جانے کی صورت میں شہریوں کی صحت و زندگی کو خطرہ لاحق ہوجائے گا ۔ وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے جواں سال قائد نے لاکھوں بلدی ملازمین کی ریاست گیر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کیلئے ریاستی حکومت اور جی ایچ ایم سی کے ذمہ داروں کو مورد الزام ٹہرایا ۔
انہوں نے ہڑتالی ملازمین سے مطالبات کی بھرپور تائید کی جن میں آؤٹ سورسنگ پر کام کرنے والے بلدی ملازمین کی موجودہ ماہانہ تنخواہ 6,700 سے بڑھاکر 16,700 مقرر کرنا بھی شامل ہے ۔ علاوہ ازیں کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانا ‘ ملازمین کو ہیلت کارڈ کی اجرائی ‘ کچرے کی نکاسی کی قدیم گاڑیوں کے بجائے نئی گاڑیوں کی فراہمی بھی ان کے مطالبات میں شامل ہے ۔ انہوں نے یو ڈی سی ‘ ایل ڈی سی اور بل کلکٹرس کی ترقیوں سے متعلق عدالتوں میں زیر تصفیہ مقدمات کی یکسوئی کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ جناب عامر علی خان نے کہا کہ ریاستی حکومت اور جی ایچ ایم سی بلدی ملازمین کے مطالبات کو نظرانداز کرتے ہوئے ہڑتال کو کچلنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حیدرآباد و سکندرآباد میں کچرے کی عدم نکاسی سے صحت و صفائی کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بروقت کارروائی کرنے کے بجائے جی ایچ ایم سی اس صورتحال کیلئے بلدی ملازمین کو مورد الزام ٹہرانے کی کوشش کررہی ہے۔ جناب عامر علی خان نے ریاستی حکومت اور جی ایچ ایم سی سے مطالبہ کیا کہ وہ بلدی ملازمین کے تمام مطالبات کو قبول کرتے ہوئے فی الفور اس ہڑتال کو ختم کروائے‘ ورنہ شہر میں گندگی کی صورتحال بدسے بدتر ہوجائے گی ۔ جناب عامر علی خان نے دھمکی دی کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ان مطالبات کی یکسوئی کے لئے فی الفور اقدامات نہ کئے جانے کی صورت میں ہڑتالی ملازمین کے ساتھ وہ بھی بڑے پیمانے پر ایجی ٹیشن کا آغاز کریں گے ۔