بلدی عہدیداروں کی جانفشانی کے ساتھ خدمات

بارش سے متاثرہ افراد کی خدمت ،ڈی سرینواس ایم پی کا ادعا

حیدرآباد۔25ستمبر(سیاست نیوز) بلدی عہدیدار جانفشانی کے ساتھ خدمات کی انجام دہی کے ذریعہ عوام کو راحت کا سامان فراہم کررہے ہیں اور بارش کے پانی میں پھنسے ہوئے خاندانوں کی مدد کے علاوہ شہر کی حالت کو بہتر بنانے کے کامو ں میں مصروف ہیں۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادکی جانب سے اس صورتحال میں جو خدمات انجام دی جا رہی ہیں ان کی سراہنا کی جانی چاہئے ۔رکن پارلیمنٹ مسٹر ڈی سرینواس نے آج جی ایچ ایم سی کے صدر دفتر پہنچ کر کنٹروم کا معائنہ کیا اور حالات سے آگہی حاصل کی ۔ انہوں نے بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن‘ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر جناردھن ریڈی‘ ڈپٹی مئیر جناب بابا فصیح الدین اور شہر سے تعلق رکھنے والے وزراء کی سراہنا کرتے ہوئے کہا جس طرح سے تمام ذمہ داران شب و روز حالات پر گہری نظر رکھے راحت کاری کاموں میں مصروف ہیں اسے دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کے چاق و چوبند رہنے کے سبب کوئی بڑی تباہی نہیں ہوئی۔انہوں نے سی سی کیمروں کی تنصیب کے ذریعہ حالات پر نظر رکھتے ہوئے جو راحت کاری کام انجام دئے جا رہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریاست میں جو سیلاب کی صورتحال ہے اس سے بھی حکومت بہتر انداز میں نمٹنے کے اقدامات کر رہی ہے۔ ڈی سرینواس کی آمد پر مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن اور کمشنر نے انہیں جی ایچ ایم سی کی جانب سے چلائے جانے والے راحت کاری کیمپوں کے علاوہ شہر میں جہاں بارش کے پانی کی بڑے پیمانے میں نکاسی عمل میں لائی جا رہی ہے اس سے واقف کروایا اور کہا کہ بلدی حدود میں فی الحال صورتحال مکمل قابو میں ہے لیکن عوام کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ وہ مکانات کی دیواریں خشک ہونے تک ان میں داخل ہونے سے اجتناب کریں۔رکن پارلیمنٹ ڈی سرینواس نے بلدیہ کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جلد حالات بہتر ہوجائیں گے۔