انسداد آلودگی اور اخراجات پر قابو پانے کی حکمت، کمشنر بلدیہ سے اجازت کا حصول
حیدرآباد ۔ 24 مارچ (سیاست نیوز) عظیم تر مجلس بلدیہ حیدرآباد کے عہدیداران کیلئے ’’ای کاروں‘‘ کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ای کاروں کے استعمال سے فضائی آلودگی اور اخراجات میں کمی واقع ہوگی۔ عہدیداروں کو ای کاریں فراہم کرنے کی اسکیم تیار کی گئی ہے۔ ای کاروں کی حصولیابی کیلئے بلدیہ کے الیکٹریکل انجینئرنگ شعبہ نے کوششوں کا آغاز کردیا ہے۔ پہلی قسط میں 20 تا 50 کاریں حاصل کرنے کی تجویز ہے اور ای کاروں کی کیلئے کمشنر بلدیہ بی جناردھن ریڈی نے ہری جھنڈی دکھا دی ہے۔ اس سے متعلق شہر میں ایل ای ڈی لائٹوں کی تنصیب کرنے والے مرکزی حکومت کے ادارے ای ای ایس ایل سے مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کے بموجب پہلے کرایہ پر چند ای کاریں حاصل کرکے تجربہ کیا جائے گا بلدیہ میں 8 ہزار سے زائد ملازمین برسرخدمت ہیں جن میں سے 500 آفیسرس کو بلدیہ کی جانب سے موٹر کاریں فراہم کی جارہی ہیں۔ بلدیہ کی ذاتی ملکیت میں 89 موٹرکاریں ہیں جبکہ 394 موٹر کاریں کرایہ پر حاصل کی گئی ہیں اور ان کرایہ کی کاروں میں بیروزگار افراد کو دیئے گئے اونر کم ڈرائیور اسکیم کی کاریں زیادہ ہیں اور ان کرایہ کی کاروں کو ماہانہ 34 ہزار روپئے کے حساب سے 1.34 کروڑ اور سالانہ 16 کروڑ روپئے کرایہ ادا کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں بلدیہ کی ذاتی ملکیت والی کاروں اور ڈرائیورس کے اخراجات و تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے 3.5 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ بلدیہ عہدیداران نے ای ای ایس ایل ادارے کو بتایا ہیکہ ڈرائیورس کی حیثیت سے بلدیہ کے آؤٹ سورسنگ ملازمین کو حاصل کیا جائے گا۔ اس بات پر مذکورہ ادارے نے ماہانہ 22 ہزار کرایہ ادا کرنے کی تجویز تیار کیا ہے۔ اس بات کی اطلاع بلدیہ کے ایگزیکٹیو انجینئر سرینواس چاری نے دی۔ واضح ہوکہ ملک کے مختلف علاقوں میں سرکاری محکمہ جات کی جانب سے ای کاروں کا استعمال شروع ہوچکا ہے۔ مختلف شہروں جیسے نئی دہلی، ممبئی کے بلدیات، این ٹی پی سی، این ڈی ایم سی میں عہدیداران کو ای کاریں فراہم کی جاچکی ہیں۔ مرکزی ادارے ای ای ایس ایل سے گذشتہ معاہدہ کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت نے ملک کے تمام دفاتر میں 2030 تک الیکٹرک موٹرکاروں کی فراہمی کا نشانہ مقرر کیا ہے اور ٹاٹا، مہندرا جیسی کمپنیوں نے الکٹرک گاڑیوں کی تیاری شروع کردی ہیں اور ان کاروں کو ایک مرتبہ چارج کرنے پر 100۔ 130 کیلو میٹر تک چلائی جاسکتی ہیں اور بیاٹری مکمل چارج کیلئے 101۔ 120 یونٹ برقی کی ضرورت ہوگی۔