شیوسینا، مہاراشٹرا کانگریس اور این سی پی کی بی جے پی پر تنقید
نئی دہلی ۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کلیان ۔ ڈومبیولی بلدی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد شیوسینا نے آج کہا کہ جن لوگوں کو ناکامی ہوئی ہے وہ خوداحتسابی کریں۔ واضح طور پر شیوسینا کا بی جے پی کی جانب اشارہ تھا۔ بی جے پی پر درپردہ تنقید کرتے ہوئے شیوسینا نے کہا کہ جب پوری مہاراشٹرا کابینہ بشمول چیف منسٹر امیدواروں کی انتخابی مہم میں مصروف تھے، تب بھی شیوسینا عوام کا اعتماد جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔ پارٹی کے راجیہ سبھا ایم پی سنجے راوت نے کہا کہ یہ شیوسیناکا مستحکم گڑھ ہے۔ اس نے کبھی بھی پیسے یا زوربازو پر بھروسہ نہیں کیا۔ ہم انتخابی نتائج کو پورے انکسار کے ساتھ قبول کرلیتے ہیں۔ جن لوگوں کو انتخابی ناکامی ہوئی ہو انہیں خوداحتسابی کرنی چاہئے۔ ممبئی سے موصولہ اطلاع کے بموجب مہاراشٹرا کانگریس نے آج کہا کہ بلدی انتخابی نتائج برائے کلیان ۔ ڈومبیولی اورکولہاپور مجالس بلدیہ اور 75 نگر پنچایتوں کے نتائج سے ثابت ہوتا ہیکہ دیویندر فرنویس زیرقیادت حکومت گذشتہ ایک سال سے ناقص حکمرانی کررہی ہے۔ کانگریس نے اس امکان کی بھی نشاندہی کی کہ کولہاپور میں این سی پی کے ساتھ اتحاد کیا جاسکتا تھا۔ ریاستی کانگریس کے صدر اشوک چوان نے کہا کہ فرنویس نے بلدی انتخابات کو اپنے وقار کا مسئلہ بنا لیا تھا۔ اس کے باوجود بی جے پی کا مظاہرہ اچھا نہیں رہا۔ این سی پی نے چیف منسٹر مہاراشٹرا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مستحکم ہونے کے باوجود فرنویس زیرقیادت حکومت مہاراشٹرا کی اب تک کی کمزور ترین اور فیصلہ کی طاقت سے محروم حکومت ہے۔ این سی پی مہاراشٹرا کے صدر سنیل تتکرے نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ ردعمل ظاہر کیا۔