نئی دہلی25مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج اعلان کیا ہے کہ میونسپل انتخابات میں کامیابی پر ہاؤس ٹیکس کو ختم کر دیا جائے گا اور پرانا بقایا معاف کیا جائے گا۔کجریوال نے میونسپل ملازمین کو مہینے کی 7تاریخ کو تنخواہ دینے کا بھی وعدہ کیا۔انھوں نے ایک پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا ’اگر پارٹی میونسپل انتخابات میں کامیاب ہوتی ہے تو ہاؤس ٹیکس کو ختم کر دیا جائے گا اور گزشتہ بقایا رقم کو معاف کر دیا جائے گا لیکن تجارتی اور صنعتی ٹیکس برقرار رہیں گے ‘۔چیف منسٹر نے یہ دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی کارپوریشن الیکشن جیتنے پر ایک سال کے اندر دہلی میونسپل کارپوریشن کو خسارے سے نکال کے دکھائے گی۔ انہوں نے کہا ‘ہمیں یقین ہے کہ میونسپل الیکشن جیتنے پر ایک سال کے اندر بلدیہ کو نفع بخش محکمہ بنا دیا جائے گا ۔
چیف منسٹر کجریوال و دیگر پر جیٹلی کیس میں مقدمہ چلے گا
نئی دہلی 25مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور پانچ دیگر عام آدمی پارٹی قائدین کو ڈی ڈی سی اے تنازعہ میں مرکزی وزیر ارون جیٹلی کی جانب سے دائر کردہ فوجداری ہتک عزت کیس میں یہاں کی عدالت نے ٹرائیل پر ڈال دیا ہے جبکہ کمرۂ عدالت میں کافی شور ہوا۔ عدالتی کارروائی کے دوران بعض ایڈوکیٹس جیٹلی کی عدم موجودگی پر ایک دوسرے سے اُلجھ گئے اور اس مسئلہ پر بھی کہ آیا یہ معاملہ کو ملتوی کردیا جائے۔ عدالت نے اگلی سماعت 20 مئی کو مقرر کی۔