اردو کے شہر سے اردو غائب ، بزم جوہر
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : ڈاکٹر راہی جنرل سکریٹری بزم جوہر نے اپنے ایک صحافتی بیان میں حیدرآباد سکندرآباد کے اہم چوراہوں اور مصروف ترین شاہراؤں پر میونسپل کارپوریشن گریٹر حیدرآباد کی جانب سے سڑکوں ، محلوں اور مقامات کے نام اور اشارات پر مشتمل خوبصورت سائن بورڈز صرف انگریزی زبان میں لگائے جارہے ہیں ۔ جب کہ ریاست کی سرکاری زبان انگریزی نہیں ، تلگو اور دوسری سرکاری زبان اردو ہے ۔ ڈاکٹر راہی نے عظیم تر بلدیہ کے اس رویے پر اپنے سخت تردد خاطر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کے برسر اقتدار آنے کے بعد سرکاری پالیسیوں میں اصلاحات کا کام جاری ہے اور بہت ساری مثبت تبدیلیاں وقوع پذیر ضرور ہوئی ہیں لیکن عظیم تر بلدیہ اپنی پرانی روش پر گامزن ہے ۔ اور عوامی بھلائی کے کاموں سے اجتناب برتا جارہا ہے اور رشوت کا بازار ہنوز گرم ہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اردو کے شہر سے اردو غائب کی جارہی ہے اور ایسا عمداً کیا جارہا ہے ۔ اس کی مثال اردو زبان بلدی دفاتر ، محکمہ برقی ، آبرسانی ، آر ٹی سی اور پولیس اسٹیشن اور دفاتر سے غائب ہے اردو درخواستوں کو قبول نہیں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر اور وزارت بلدی امور و نظم و نسق سے اس جانب توجہ دینے کی اپیل کی ہے ۔۔