ویب سائیٹ پر بھی سہولت کی فراہمی ۔ یکم ڈسمبر سے عمل آوری کے اقدامات کا جائزہ
حیدرآباد۔29نومبر(سیاست نیوز) ملک کو نقد لین دین سے پاک بنانے کے منصوبہ کے اعلان کے ساتھ ہی تلنگانہ حکومت نے اس طرز تجارت کو اختیار کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ریاستی حکومت کی جانب سے وزیر اعظم کے فرمان پر عمل آوری کے فیصلہ کے فوری بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے نقد لین دین سے پاک ادائیگیوں کویقینی بنانے کی سمت پیشرفت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے فیصلہ کا احترام کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ نقد لین دین سے پاک ادائیگی کیلئے جی ایچ ایم سی کے موبائیل اپلیکیشن اور ویب سائٹ پر سہولت فراہم کرے گی۔بتایا جاتا ہے کہ یکم ڈسمبر سے جی ایچ ایم سی میں نقد ادائیگیوں کو روکنے اور الکٹرانک و کارڈ کے ذریعہ ادائیگی کو یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا جانے لگا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کے فیصلہ کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ فوری طور پر اس بات کا جائزہ لیں کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں کارڈس اور الکٹرانک ادائیگیوں کے کونسے طریقہ کار اختیار کئے جا سکتے ہیں۔عہدیداروں کے بموجب جی ایچ ایم سی بل کلکٹرس کو اے ٹی ایم سوائپنگ مشین فراہم کئے جانے کا منصوبہ ہے تاکہ گھر پہنچنے والے بل کلکٹرس کو بھی کارڈس کے ذریعہ ادائیگی کی جا سکے۔چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے گذشتہ یوم سدی پیٹ کو نقد لین دین سے پاک بنانے کے تجربہ کے آغاز کا اعلان کرنے کے بعد ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی اس سلسلہ میں مسابقت دیکھی جانے لگی ہے۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کے بموجب ریاست میں نقد لین دین سے پاک تجارت و ادائیگیوں کے فیصلہ کے بعد حیدرآباد میں بلدی سہولیات کی فراہمی کیلئے وصول کی جانے والی رقوما ت چیک‘ ڈی ڈی یا الکٹرانک ادائیگی کے ذریعہ وصول کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کیا جا چکا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ بہت جلد بلدیہ کی جانب سے تجارتی لائسنس اور دیگر اجازت ناموں کیلئے رقمی ادائیگی کو مؤثر بنانے کے علاوہ ٹیکس کا ادائیگی کیلئے الٹرانک نظام کو لازمی قرار دیئے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن نے متعلقہ شعبہ سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اندرون دو یوم اس سلسلہ میں اپنی مکمل رپورٹ پیش کریں۔ ذرائع کے بموجب ریاست میں بلدی نظم و نسق کے ساتھ انفارمیشن ٹکنالوجی کے علاوہ صنعت و تجارت کا قلمدان مسٹر کے ٹی راما راؤ کے پاس ہونے کے سبب جی ایچ ایم سی اس سلسلہ میں تیز تر اقدامات کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔