بلدیہ سے مختص کردہ مقام پر ہی ٹھیلہ بنڈی رانوں کو تجارت کی اجازت

ٹریفک خلل پر سخت کارروائی، تاجرین کو شناختی کارڈس کی اجرائی

حیدرآباد 25 مارچ (سیاست نیوز) چھوٹے تاجرین کے مسائل حل کرنے کی غرض سے بلدی عہدیداران اور ٹریفک پولیس کی جانب سے مشترکہ جائزہ لیا جارہا ہے۔ پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری تجارت اور وہاں موجود سہولیات کے علاوہ درپیش مسائل کے حل کی کوشش کی جارہی ہے۔ بلدیہ کے نویں اور دسویں سرکل کے ڈپٹی کمشنرس نے ٹریفک پولیس آفیسرس کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا جس میں ڈپٹی کمشنرس سمن راؤ اور اشوک سامراٹ نے کہاکہ سرکلس کے احاطہ میں بلدیہ کے عہدیداران کی جانب سے نشاندہی کردہ مقامات پر ان چھوٹے تاجرین کو تجارت کی سہولت رہے گی اور تاجرین کو باقاعدہ بلدیہ کی جانب سے شناختی کارڈس جاری کئے جائیں گے۔ انھوں نے تاجرین سے خواہش کی غیر متعلقہ مقامات پر تجارت کرتے ہوئے ٹریفک کے مسائل پیدا نہ کریں اور بلدی عہدیداران نے پرانے شہر کے مختلف علاقوں جیسے چارمینار، فلک نما اور دیگر علاقوں میں ٹریفک پولیس کے اشتراک سے نشاندہی کردہ مقامات پر چھوٹے تاجرین کو تجارتی سہولت فراہم کی جائیں گی۔ ٹریفک پولیس عہدیداران نے بتایا کہ ٹھیلہ بنڈیوں کے ذریعہ تجارت کرنے والوں کو متعلقہ مقامات پر تجارت سے نہیں روکا جائے گا۔ اس اجلاس میں چارمینار ٹریفک اے سی پی ناگنا، فلک نما اے سی پیز فیاض احمد اور انجیا کے علاوہ تاجرین یونینوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔