بلدیہ اور ٹریفک پولیس کے رویہ پر چارمینار کے قریب ٹھیلہ بنڈی رانوں کا احتجاج

تجارتی سرگرمیاں بند ، پولیس کی چوکسی ، آج تاجرین ، عوامی نمائندوں اور ٹھیلہ بنڈی رانوں کا اجلاس
حیدرآباد۔یکم۔مارچ(سیاست نیوز) چارمینار سے گلزار حوض کے درمیان ٹھیلہ بنڈی رانوں کے لئے جگہ کی نشاندہی کے خلاف جواہرات کے تاجرین نے بازار بند کرتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور ٹریفک پولیس کی پالیسی پر برہمی کا اظہار کیا اور ٹھیلہ بنڈی رانوں کو مکمل طور پر برخواست کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ چارمینار کے دامن میں ٹھیلہ بنڈی رانو ںکوہٹائے جانے کے بعد چارمینار تا گلز ار حوض پر لگائی جانے والی ٹھیلہ بنڈیوں کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فٹ پاتھ پر نشانات ڈالے گئے اور ایک ہی لائن میں ٹھیلہ بنڈی رانو ںکو ٹھہرانے کے اقدامات شروع کئے گئے تھے کہ اچانک جواہرات کی دکانوں کے مالکین نے بازار بند کرتے ہوئے احتجاج شروع کردیا اور ٹھیلہ بنڈی رانوں کو مکمل برخواست کرنے کا مطالبہ کرنے لگے اور ٹھیلہ بنڈی رانوں کو ہٹایا جانے لگا۔ تاجرین کی اس حرکت کے بعد محکمہ پولیس نے فوری چوکسی اختیار کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کرنے کے لئے ٹھیلہ بنڈی رانوں کو وہاں سے ہٹادیا لیکن تاجرین نے کاروبار بند رکھتے ہوئے اپنا احتجاج جاری رکھا۔ تاجرین نے بتایا کہ وہ جی ایچ ایم سی کی اس پالیسی کے خلاف اپنا احتجاج اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک جی ایچ ایم سی اور ٹریفک پولیس کی جانب سے اس مقام پر ٹھیلہ بنڈی رانوں کو ٹھہرانے کے منصوبہ سے دستبرداری اختیار نہیں کی جاتی۔ ٹھیلہ بنڈی رانوں کو ہٹانے کے لئے احتجاج کے آغاز کے ساتھ ہی کارپوریٹر پتھر گٹی جناب سید محمود قادری سہیل اور شاہ علی بنڈہ کارپوریٹر جناب مصطفی علی مظفر نے چارمینار پہنچ کر ٹھیلہ بنڈی رانو ںکو اس جگہ سے منتقل نہ کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ چارمینار سے گلزار حوض کی سڑک پر کاروبار کرنے والے ٹھیلہ بنڈی رانوں اور فٹ پاتھ تاجرین کو منتقل نہ کرنے کا تیقن دیا گیا تھا اور اس تیقن کے مطابق پراجکٹ مکمل کیا جائے گا لیکن بعض لوگ فٹ پاتھ تاجرین اور ٹھیلہ بنڈی رانوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جناب سید محمود قادری سہیل نے بتایا کہ ٹھیلہ بنڈی رانوں کی منتقلی کی کوشش بے جا ہے کیونکہ جی ایچ ایم سی نے بعد مشاورت یہ منصوبہ تیار کیا ہے۔ تاجرین کا استدلال ہے کہ پیدل راہرو پراجکٹ کے آغاز کے بعد ٹھیلہ بنڈی رانوں کو جگہ کی فراہمی ان کے کاروبار کو متاثر کرے گی اسی لئے وہ اس منصوبہ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ محکمہ پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ آج ہولی کے سبب اس مسئلہ کو مکمل طور پر حل نہیں کیا گیا ہے لیکن 2مارچ کو تاجرین اور منتخبہ عوامی نمائندوں کے علاوہ ٹھیلہ بنڈی رانوں سے مشاورت کے بعد مسئلہ کی یکسوئی کرلی جائے گی۔